جامع مسجد تھانوی ، پاکستان کی قدیم ترین اور خوبصورت مساجد میں سے ایک ہے۔ جب قیامِ پاکستان سے آٹھ دن پہلے حضرت مولانا احتشام الحق تھانویؒ جیکب لائن کراچی پہنچے، اس وقت یہ ایک چھوٹی سی مسجد تھی۔ جس کی تعمیر برطانوی دور میں بلوچ رجمنٹ کے جوانوں نے 1911ء بمطابق 1329ھ میں کی تھی۔
جب حضرت مولانا احتشام الحق تھانویؒ نے اس مسجد کی امامت اور دیگر ذمہ داریوں کو اعزازی طور پر سنبھالا تو بلوچ رجمنٹ کے فوجیوں نے یہ خواہش ظاہر کی کہ ہم فوجی ہیں اور ہمارا تبادلہ جگہ بہ جگہ ہوتا رہتا ہے۔ تو آپ مستقل بنیادوں پر اس مسجد کا انتظام سنبھال لیں تاکہ ہماری مسجد کا انتظام اور دیکھ بھال ہوتی رہے۔ چنانچہ حضرت مولانا نے مسجد کی خدمت کرنے کو قبول فرمایا اور بہت جلد مولانا کی انتھک محنت اور توجہ کے باعث یہ چھوٹی سی مسجد ہر خاص و عام مسلمانوں کی توجہ کا مرکز بننے کے ساتھ ساتھ نومولود پاکستان سمیت شہرۂ آفاق حیثیت کی حامل بن گئی۔